بھٹکل،30؍نومبر (ایس او نیوز) ساگر روڈ پر واقع پولیس گراؤنڈ میں محکمہ پولیس کے لئےوالی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا جس کا افتتاح کرتے ہوئے کرناٹکا کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ کی رکن شیوانی شانتارام نے کہا کہ پولیس والوں پر اپنی ذمہ داریوں کی وجہ سے جسمانی اور ذہنی بوجھ چاہے جس حد تک بھی ہو، لیکن وہ لوگ ہمیشہ ہی مسکراتے ہوئے عوام کی خدمت کے لئے حاضر رہتے ہیں۔ان کا تناؤ دور کرنے کے لئے اس طرح کے کھیل کود کے مقابلوں میں ان کے ساتھ عوام کو بھی تعاون کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس والوں کے سر پر ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں کے احساس سوار رہتا ہے۔ کووڈ۔19 کی وجہ سےبڑی مدت تک اپنے گھر والوں سے ملاقات کیے بغیر ہی کتنے ہی پولیس والے ڈیوٹی انجام دینے میں مصروف رہے ہیں۔ہر کوئی کورونا کے خوف میں جی رہا تھا، لیکن پولیس والوں کو ان علاقوں میں بھی مستقل رہنا پڑ رہا تھا جہاں پر کووڈ متاثرین کی تعداد زیادہ ہوتی تھی۔عوام کے لئے ضروری ہے کہ ایسے پولیس والوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں۔
افتتاحی پروگرام کی صدارت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نکھل بولار نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس محکمہ میں کھیل کود کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے۔ کھیل کود سے ایک دوسرے کو سمجھنے اور باہمی میل جول پیدا کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔
مہمان خصوصی کے طور پر موجود ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن ضلع شمالی کینرا کے صدر رادھا کرشنا بھٹ، سرکل پولیس انسپکٹر نشچل کمار اورسب انسپکٹر کوڈگنٹی موجود تھے۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر نوین بولکر نے استقبال کیا جبکہ ماروتی نائک نے نظامت کی ذمہ داری انجام دی۔سوجنیان نے کلمات تشکر ادا کیے۔
افتتاحی تقریب کے بعد والی بال کا مقابلہ ہوا جس میں بھٹکل واریئرس، بھٹکل بُلس، کول بروس اور ایس ایس اسٹارس نامی ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل مقابلہ اے ایس پی نکھل کی قیادت والی ٹیم بھٹکل بُلس نے اول مقام حاصل کیا جبکہ نارائن نائک کی قیادت والی ٹیم کول بروس رنر اَ پ رہی۔